ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہاتھرس معاملہ: متاثرہ لڑکی کی بہن کو کھانسی کی شکایت، اہل خانہ نے کورونا ٹیسٹ کروانے سے کیا انکار 

ہاتھرس معاملہ: متاثرہ لڑکی کی بہن کو کھانسی کی شکایت، اہل خانہ نے کورونا ٹیسٹ کروانے سے کیا انکار 

Sat, 10 Oct 2020 22:27:54    S.O. News Service

ہاتھرس،10/اکتوبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) ہاتھرس گینگ ریپ کیس کی تحقیقات جاری ہے۔ ایس آئی ٹی کو اس معاملے کی تفتیش کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ ایس آئی ٹی نے گاؤں کے 40 لوگوں سے تفتیش کے لئے نوٹس بھیجا تھا۔ ان میں سے بہت سے لوگوں سے تفتیش کی گئی ہے۔ وہیں متاثرہ کی بہن کو کھانسی کی شکایت ہے۔ ہاتھرس محکمہ صحت کی ٹیم جمعہ کو کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لئے پہنچی تھی، لیکن بہن نے ٹیسٹ کرانے سے انکار کردیا۔ جس کے بعد محکمہ صحت کی ٹیم وہاں سے واپس آگئی۔ کچھ پولیس اہلکار، صحافی اور رہنما جو ہاتھرس گئے تھے وہ بھی کورونا پوزیٹیو پائے گئے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے کلدیپ کمار پر کورونا سے متاثر ہونے کے باوجود ہاتھرس جانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ جس کے بعد کلدیپ نے بی جے پی پر جھوٹ پھیلانے کا الزام لگایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کورونا کی رپورٹ منفی آنے کے بعد وہ ہاتھرس گئے تھے۔ ہاتھرس پولیس نے انفیکشن کے باوجود لوگوں سے ملنے پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔کلدیپ کمار نے کہاکہ مجھے اطلاع ملی کہ ہاتھرس پولیس نے میرے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ بی جے پی کے ان رہنماؤں اور آئی ٹی سیل نے مل کر یہ پروپیگنڈا پھیلایا ہے کہ آپ کے ایم ایل اے کورونا پوزیٹیو ہونے کے باوجود ہاتھرس چلے گئے ہیں، جبکہ منفی رپورٹ آنے کے بعد ہی میں ہاتھرس میں غمزدہ خاندان سے ملنے گیا ہے۔ ایم ایل اے نے کہا کہ اتر پردیش حکومت کی جانب سے ملزموں کو بچانے کی کوشش سے پوری دلت برادری کو تکلیف ہے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ یوگی حکومت کتنا بھی زور لگالے وہ اس بیٹی کو انصاف دلا کر رہیں گے۔  انصاف کی جنگ جاری رہے گی۔


Share: